Urdu Articles
Punjab Dramatic and Theatrical Performances Bill 2026 and the Concerns of the Artist Community
2999 views
Article by
پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026ء اور فنکار برادری کے تحفظات
وقار عظیم
پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹیج ڈراموں اور تھیٹر کی نگرانی کے لیے نیا قانون متعارف کرانے کی کوشش اپنی جگہ ایک اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ بلاشبہ ہمارے کمرشل تھیٹر میں اصلاح، معیار کی بہتری اور غیر معیاری سرگرمیوں کی روک تھام کی ضرورت ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تھیٹر کی اصلاح صرف نگرانی، لائسنس، رجسٹریشن، جرمانوں اور پابندیوں سے ممکن ہے؟
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و ثقافت سے منظور ہونے والے مجوزہ پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026ء میں فنکاروں کی رجسٹریشن کے لیے دس ہزار روپے فیس مقرر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ فنکار کی تعریف اور اس کی اہلیت کا معیار کیا ہوگا؟ کیا کوئی بھی شخص محض دس ہزار روپے جمع کروا کر خود کو فنکار رجسٹر کروا سکتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر ایک تربیت یافتہ، تجربہ کار اور پیشہ ور فنکار اور کسی غیر متعلقہ شخص کے درمیان فرق کیسے قائم ہوگا؟
فنکار ہونا محض ایک دعویٰ نہیں، بلکہ ایک فنی صلاحیت، تربیت، تجربے اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ قانون میں فنکار کی واضح تعریف شامل کی جائے اور رجسٹریشن کے لیے مناسب معیار مقرر کیا جائے۔ نئے آنے والوں کے لیے تربیتی کورسز، عملی امتحان یا آڈیشن کا نظام ہونا چاہیے، جبکہ پہلے سے اس شعبے میں کام کرنے والوں کے لیے ان کے تجربے، سابقہ کام اور فنی خدمات کو بنیاد بنایا جائے۔
خصوصاً ان سینئر فنکاروں کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے تیس، چالیس یا پچاس سال تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کی خدمت میں گزارے ہیں۔ کیا ایسے فنکاروں کو بھی دس ہزار روپے ادا کرکے اپنی فنکارانہ شناخت ثابت کرنا ہوگی؟ ان کی خدمات کا اعتراف اور احترام ہونا چاہیے۔ ان کے لیے تجربے کی بنیاد پر خصوصی یا اعزازی رجسٹریشن کا طریقہ اختیار کیا جائے۔ حکومت کی رجسٹریشن انتظامی ریکارڈ تو ہو سکتی ہے، لیکن کسی شخص کی فنکارانہ شناخت کا آغاز اس رجسٹریشن سے نہیں ہوتا۔
ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ فنکاروں کی اہلیت کا فیصلہ صرف سرکاری افسران کے بجائے متعلقہ شعبوں کے مستند اور تجربہ کار فنکاروں پر مشتمل بورڈ کرے۔ اس میں اداکاروں، ہدایت کاروں، ڈرامہ نگاروں، موسیقاروں، رقاصوں اور فنونِ لطیفہ کے اساتذہ کی نمائندگی لازمی ہونی چاہیے۔
اسی طرح اسکرپٹ کی پیشگی منظوری اور پرفارمنس کی نگرانی کے حوالے سے بھی ایسا متوازن نظام ضروری ہے جو غیر معیاری اور قابلِ اعتراض مواد کی روک تھام تو کرے، لیکن تھیٹر کی تخلیقی آزادی، سماجی تنقید اور فنکارانہ اظہار کو غیر ضروری پابندیوں میں جکڑ نہ دے۔ تھیٹر ایک زندہ فن ہے، جہاں اداکار کی تخلیقی صلاحیت اور موقع کی مناسبت سے مکالمے کی ادائیگی بھی پرفارمنس کا حصہ ہوتی ہے۔
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پنجاب کا تھیٹر صرف کمرشل اسٹیج تک محدود نہیں۔ ہمارے لوک فنکار، بھانڈ، ہیر خوان، قوال، لوک گلوکار، رقاص اور روایتی فنون سے وابستہ افراد بھی اسی ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ ان کے لیے رجسٹریشن کا ایسا آسان نظام ہونا چاہیے جو ان کی روایات، تجربے اور معاشی حالات کو مدنظر رکھے۔
میری رائے میں حکومت کو تھیٹر کی نگرانی کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی کی ذمہ داری بھی اٹھانی چاہیے۔ فنکاروں کی تربیت، معیاری ڈراموں کے لیے مالی معاونت، تھیٹر ورکشاپس اور فنی اداروں کی سرپرستی کے بغیر اصلاح کا عمل ادھورا رہے گا۔
قانون کا مقصد فنکار کو قابو کرنا نہیں بلکہ فن کو بہتر بنانا، فنکار کو تحفظ دینا اور تھیٹر کے معیار کو بلند کرنا ہونا چاہیے۔
ہم حکومت کے اس ارادے کی مخالفت نہیں کرتے کہ تھیٹر میں بہتری لائی جائے، لیکن یہ مطالبہ ضرور کرتے ہیں کہ قانون سازی سے پہلے فنکاروں اور تھیٹر سے وابستہ افراد کو اعتماد میں لیا جائے۔ ان کی تجاویز سنی جائیں اور انہیں فیصلہ سازی میں شریک کیا جائے۔
آخر میں ایک بات بہت اہم ہے: فنکار معاشرے کا اثاثہ ہوتا ہے، محض انتظامی اندراج کا موضوع نہیں۔ اس کی پہچان دس ہزار روپے کی رسید سے نہیں بلکہ اس کے فن، محنت، تربیت اور خدمات سے ہوتی ہے۔
حکومت فنکاروں کی رجسٹریشن ضرور کرے، لیکن پہلے یہ طے کرے کہ فنکار کون ہے۔
Azeem English Magazine (est. 2000) covers youth culture, mental health, literature, science and art in Pakistan.